ناشتہ صحت کے لیے کیوں ضروری ہے؟


ہم جب صبح اٹھتے ہیں تو ہمیں بھوک کا احساس ہوتا ہے اور دل کرتا ہے کہ
 کچھ کھالیں۔ ایسے میں غذائیت سے بھرپور ناشتہ کرنا آپ کے جسم کی ضروریات کو پورا کرتے ہوئے دن بھرتوانائی بخشتا ہے۔ ناشتہ ، دن کی سب سے اہم اور صحت و توانائی کے لیے لازمی خوراک ہے، میڈیکل سائنس اس کے بےشمار فوائد دریافت کرچکی ہے۔کہا جاتا ہے کہ ناشتہ بادشاہوں کی طرح کرنا چاہیے، اسی وجہ سے ناشتہ کرنے کے کچھ فوائد ذیل میں پیش کیے جارہے ہیں۔
جسمانی وزن میں کمی
تحقیق کے مطابق جو لوگ اکثر ناشتہ نہیں کرتے ان میں موٹاپے کا خطرہ 50 فیصد تک بڑھ جاتا ہے، جس کی بنیادی وجہ دن بھر میں جنک فوڈ یا ناقص غذا کا استعمال ہے۔اگر صبح اچھا ناشتہ کیا ہو تو آپ دن کے وقت بہت زیادہ بھوکے نہیں ہوتے اور دوپہر کے کھانے میں حد سے زیادہ غذا کھانے سے گریز کرتے ہیں۔
ذہنی کارکردگی بہتر کرے
ایک اور تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ناشتہ کرنا درحقیقت توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت کو بڑھاتا ہے جبکہ یہ یادداشت میں بہتری لانے کے ساتھ دیگر ذہنی افعال کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
صحت بخش غذا کا زیادہ استعمال
یہ بات سائنسی طور پر ثابت ہوچکی ہے کہ جو لوگ ناشتہ کرنے کے عادی ہوتے ہیں وہ صحت کے لیے فائدہ مند غذاؤں کا زیادہ استعمال کرتے ہیں۔
میٹابولزم کے لیے فائدہ مند
صبح اٹھنے کے بعد اچھا ناشتہ میٹابولزم کی کارکردگی کو بڑھاتا ہے، جس کے نتیجے میں چربی گھلنے کا عمل تیز ہوجاتا ہے۔
جسمانی کارکردگی میں بہتری
ناشتہ جسم کو وٹامنز اور نیوٹریشن فراہم کرتا ہے، جس کے نتیجے میں جسمانی توانائی بڑھتی ہے اور آپ جسمانی طور پر کام کرنے کے لیے تیار ہوجاتے ہیں۔
امراض کا کم خطرہ
ایک صحت بخش ناشتہ ذیابیطس، بلڈ پریشر اور دیگر امراض کا خطرہ نمایاں حد تک کم کرتا ہے۔ صحت بخش ناشتہ بلڈ کولیسٹرول لیول کو بہتر بناتا ہے۔
مزاج بہتر بنائے
سننے میں تو عجیب لگے گا مگر صبح کے وقت جو اجزاءجسم کا حصے بنتے ہیں وہ ذہنی طور پر خوشی کا احساس پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔

سلیم انور عباسی





Comments