دُنیابھر میں اتنے زیادہ بچے موٹاپے کا شکار کیوں ہیں؟






کبھی کبھار بچے اپنے جینز یا ہارمونز کی وجہ سے موٹاپے کا شکار ہوتے ہیں۔‏ لیکن زیادہ‌تر بچے اِس لئے موٹاپے کا شکار ہوتے ہیں کیونکہ وہ حد سے زیادہ کھاتے اور بہت کم ورزش کرتے ہیں۔‏
آجکل ماں‌باپ دونوں کو ملازمت کرنی پڑتی ہے اِس لئے اُن کے پاس کھانا پکانے کا وقت نہیں ہوتا۔‏ اس وجہ سے ریسٹورنٹ سے تیار شُدہ کھانا خریدنا مقبول ہو گیا ہے۔‏ دُنیابھر میں ایسے ریسٹورنٹ کُھل رہے ہیں جن میں برگر،‏ چپس وغیرہ جیسے کھانے بیچے جاتے ہیں۔‏ یہ کھانے بچوں اور نوجوانوں میں بڑے مقبول ہیں
 اکثر ایسے کھانوں میں بہت زیادہ شکر اور چکنائی پائی جاتی ہے۔‏ اِس کے علاوہ ایسے ریسٹورنٹوں میں کم پیسوں میں زیادہ سے زیادہ کھانا خریدنے پر اُکسایا جاتا ہے۔‏
آجکل لوگ دودھ اور پانی کی بجائے ایسی مشروبات پینا پسند کرتے ہیں جن میں بہت زیادہ شکر پایا جاتا ہے۔‏ 

گلاسگو میں ایک یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق ۳ سال کے بچے دن میں صرف ۲۰ منٹ چلتے پھرتے یا کھیل کود کرتے ہیں۔
اِس مسئلے کا حل
مختلف کھانوں پر پابندی لگانے سے بچوں کی صحت پر بُرا اثر پڑتا ہے۔‏ اِس لئے ماہرینِ‌غذائیت والدین کو یہ مشورہ دیتے ہیں کہ وہ کسی کھانے پر پابندی نہ لگائیں بلکہ بچوں کو اِسے صحیح مقدار میں کھانے کی اجازت دیں۔‏ مایو کلینک کے مطابق:‏ ”‏بچوں میں موٹاپے کو کم کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اُنہیں اچھی خوراک دی جائے اور اُنہیں ورزش کرنے کی حوصلہ‌افزائی کی جائے

والدین کیا کر سکتے ہیں؟‏
۱ اپنے بچوں کو تیار شُدہ کھانوں کی نسبت زیادہ پھل اور سبزیاں کھلائیں۔‏
۲ بچوں کو میٹھی مشروبات اور ایسے سنیکس سے گریز کرنا سکھائیں جن میں بہت زیادہ شکر اور چکنائی شامل ہو۔‏ اِس کی بجائے اُن کو پانی،‏ دودھ اور ایسے سنیکس کھانے کے لئے دیں جو اُن کی صحت کے لئے اچھے ہوں۔‏
۳ کھانا پکاتے وقت خوراک کو تلنے کی بجائے اِسے دم دے کر،‏ بھون کر یا بھاپ دے کر پکائیں۔‏
۴ ہر ایک کو اتنا ہی کھانا نکال کر دیں جتنا کہ اُس کے لئے مفید ہو

۵ بچوں کو کھانے کا لالچ دے کر اُن سے کام نہ کروائیں۔‏
۶ بچوں کو ناشتہ ضرور کروائیں ورنہ بھوک لگنے پر وہ بعد میں شاید حد سے زیادہ کھا لیں۔‏
۷ کھانا میز پر ہی بیٹھ کر کھائیں کیونکہ ٹی‌وی یا کمپیوٹر کے سامنے بیٹھ کر کھانے سے اِس بات کا اندازہ نہیں رہتا کہ آپ نے کتنا کھا لیا ہے۔‏
۸ اپنے بچوں کو سائیکل چلانے،‏ گیند کے ساتھ کھیلنے اور رسی ٹاپنے وغیرہ کا مشورہ دیں۔‏
۹ آپ کے بچے ٹی‌وی دیکھنے،‏ کمپیوٹر استعمال کرنے اور ویڈیو گیمز کھیلنے کے لئے جو وقت صرف کرتے ہیں اِسے محدود کریں۔‏
۱۰ خاندان کے ساتھ گھومنے پھرنے کے لئے جائیں۔‏ مثال کے طور پر چڑیا گھر دیکھنے کے لئے،‏ تیرنے کے لئے یا کسی پارک میں کھیلنے کے لئے جائیں۔‏
۱۱ بچوں کو گھر میں چھوٹے موٹے کام دیں۔‏

Comments