- Get link
- X
- Other Apps
چائے غالباً دنیا کا مشہور ترین اور سب سے زیادہ استعمال کیا جانے والا مشروب ہے۔ اسی لیے ہرسال 15دسمبر کو دنیا بھر میں ’چائے کا بین الاقوامی دن‘ منایا جاتا ہے۔ آپ دنیا کے کسی بھی حصے میں چلے جائیں، آپ کو یہ مشروب مختلف انداز، شکلوں اور اجزائے ترکیبی کے ساتھ لوگوں کے کھانے کے میز اور اجتماع کا حصہ نظر آئے گا۔ آخر چائے میں ایسی کیا خاص بات ہے کہ دنیا بھر کو اس کی بے پناہ طلب ہے۔ میڈیکل سائنس بھی چائے کے فوائد کی معترف نظر آتی ہے اور سائنسی تحقیق کہتی ہے کہ چائے میں کیفین (اعصابی نظام کو تحریک دینے والا جزو) کی موجودگی زبردست طبی فوائد کی حامل ہوتی ہے۔
سبز چائے
اپنی کئی خصوصیات کے باعث سبز چائے پاکستان میں تیزی سے مقبولیت حاصل کررہی ہے اور ملک بھر میں اس کا استعمال بڑھ رہا ہے۔ صرف پاکستان ہی نہیں، دنیا بھر میں بھی اسے مقبولیت حاصل ہے۔ کیا آپ کو معلوم ہے کہ یہ کرشماتی مشروب کس حد تک صحت کے لیے فائدہ مند ہے ؟ کینسر سے لے کر مہاسوں تک، اس کے فوائد آپ کو حیران کر دیں گے۔ میامی یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہےکہ سبز چائے میں شامل اینٹی آکسی ڈنٹ اجزا دو تہائی کیل مہاسوں کو صاف کردیتے ہیں، تاہم اس کے لیے چائے کو پینے کی بجائے ٹھنڈا کرکے فیس واش کے طور پر استعمال کرنا ہوگا۔ کچھ ماہرینِ جڑی بوٹیوں کا دعویٰ ہے کہ سبز چائے کے ٹی بیگ کو گیلا کرکے آنکھوں پر 15 سے 20منٹ تک پھیرا یا دبایا جائے تو اس سے تھکی یا سوجی ہوئی آنکھوں کو سکون ملتا ہے اور وہ تازہ دم ہوجاتی ہیں۔
کالی چائے
کثر لوگ چائے صرف ذائقے کے لیے پیتے ہیں اور چائے میں دودھ کے ساتھ ساتھ چینی کا بھی خوب استعمال کرتے ہیں۔ تاہم اس کے برعکس کالی چائے کے فوائد کہیں زیادہ ہیں۔ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ کالی چائے میں Theaflavins اور Thearubigin نامی اجزا موجود ہوتے ہیں۔ یہ دونوں اجزا وزن کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ سائنس دانوں نے جب یہ مرکبات ان چوہوں کو دئیے، جنھیں موٹا کرنے کے لیے مرغن خوراک دی جارہی تھی، تو ان کا بڑھتا ہوا وزن نہ صرف رُک گیا بلکہ اس میں کمی بھی ہوئی۔ تجربات کے دوران سائنس دانوں کو پتہ چلا کہ جب چوہوں کی خوراک میں کالی چائے سے حاصل کردہ کچھ اجزا شامل کیے گئے، تو ان کے کولیسٹرول کی سطح اور خون میں موجود چربیلے مرکبات میں بھی کمی ہوئی۔
ہلدی چائے
ہلدی ویسے تو ہمارے خطے کی پیداوارہے اور دور قدیم سے اس کا استعمال اور اس کے فوائد ثابت شدہ ہیں لیکن جدید دور میں ہم میں سے اکثر لوگ ہلدی اور اس کے فوائد بھول بیٹھے ہیں۔ تاہم مغرب اب اس جادوئی شے کے بارے میں جاگنا شروع ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کئی مغربی فاسٹ فوڈ چینز ہلدی کی کافی متعارف کراچکی ہیں۔ ہلدی اپنے اندر انقلابی طبی خواص رکھتی ہے۔ ہلدی میں موجود سرکیومن میں اینٹی وائرل، اینٹی انفلیمٹری اور اور اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات موجود ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ یہ بیکٹیریا کو ختم کرنے کی زبردست صلاحیت رکھتی ہے۔ ان خصوصیات کے باعث ہلدی انسانی جِلد کے لیے جادوئی اثر رکھتی ہے۔ یہ جِلد میں سوزش کو ختم کرتی اور اسے تازگی بخشتی ہے۔ اس کے علاوہ، اگر ہلدی کو جِلد پر لگایا جائے تو یہ جِلد کو نئی زندگی دینے کے علاوہ رنگ کو نِکھارتی ہے۔
سونف کی چائے
قدیم طب کے زمانے سے ہی سونف کو صحت کے لیے ایک انتہائی مؤثر جزو کی حیثیت حاصل رہی ہے۔ آج بھی لوگ منہ میں خوشبو کے لیے سونف کا استعمال کرنا پسند کرتے ہیں۔ تاہم یاد رکھنے والی بات یہ ہے کہ اس کا استعمال صرف منہ میں خوشبو تک محدود نہیں۔ سونف کا استعمال آپ کو کئی امراض سے محفوظ رکھتا ہے۔ سونف سے کشید کیا جانے والا تیل بھی بے پناہ خصوصیات رکھتا ہے۔
سونف کی چائے بھی نہ صرف کمال ذائقہ کی حامل ہوتی ہے ۔ اس سے چائے کے چسکے کے ساتھ ساتھ سونف کے فوائد بھی حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ سونف کی چائے بنانا بہت آسان ہے، بس سونف کو پانی میں اُبالیں اور پی لیں۔ یہ چائے وٹامن A، Cاور D کے ساتھ ساتھ اینٹی آکسی ڈنٹ خصوصیات سے بھی بھرپور ہوتی ہے۔ چونکہ سونف نظام ہاضمہ کے عمل کو بہتر بناتی ہے، اسی لیے یہ چائے غذائیت کو جزو بدن بنانے کا عمل بھی بہتر کردیتی ہے۔ اس کے تحت نقصان دہ اجزاجسم سے خارج ہوجاتے ہیں، جسم میں گلوکوز کی سطح متوازن رہتی ہے اور یہ بے وقت کھانے کی خواہش کو بھی قابو میں کرتی ہے۔
Comments
Post a Comment