- Get link
- X
- Other Apps
اکثر لوگوں کو سردیوں میں پیاس کم لگتی ہے جس کے باعث وہ پانی پینا بھی کم کردیتے ہیں۔ لوگوں کا ایسا ماننا ہے کہ سردیوں میں زیادہ پانی پینا ضروری نہیں ہوتا۔ یہ محض ہماری غلط فہمی ہے ۔ پانی انسان کے جسم کی اہم ترین ضرورت ہے۔ ہمارا جسم ستر فیصد پانی سے بنا ہے ۔ یہ ہی وجہ ہے کہ اسے چلتا پھرتا رکھنے کے لیے پانی کا کردار اہم ہے ۔ یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ سردیوں میں پانی پینے کی ضرورت اور بھی بڑھ جاتی ہے ۔ خاص طور پر ایسی جگہوں پر جہاں سردیوں میں خشک ہوا چلتی ہو کم پانی پینا صحت پر کئی مضر اثرات مرتب کر سکتا ہے۔ پانی ہماری مجموعی صحت کے لیے انتہائی اہم ہے۔ یہ جلد سے لے کر جسم کے ہر ایک اعضا کو فائدہ پہنچاتا ہے ۔ سردیوں میں زیادہ پانی پینے کی وجوہات یہ ہیں:
جلد کی خشکی دور کرنے کے لیے
جس جگہ پرایک طویل عرصے تک پانی نہ پڑے وہ جگہ روکھی اور بے جان ہوجاتی ہے۔ سردیوں میں تو ویسے ہی جلد خشک ہو کر پھٹنے لگتی ہے۔ ایسے میں اگر اسے مناسب نمی نہ ملے تو یہ مزید مرجھا جاتی ہے ۔ جلد کو نرم وملائم رکھنے کا بہترین قدرتی طریقہ پانی کا زیادہ استعمال ہے ۔ پانی جلد کے مسام میں موجود گردو غبار کو باہر نکال دیتا ہے ۔ یہ ہی وجہ ہے کہ سردیوں میں زیادہ پانی پینے والے افراد کی جلد صحت مند،ترو تازہ اور نرم و ملائم نظر آتی ہے ۔
نظام انہضام کو بہتر بنانے کے لیے
زیادہ پانی پینے سے ہاضمہ درست رہتا ہے ۔ سردیوں میں اکثر ہماری خوارک بڑھ جاتی ہے ۔ ہماراہر تھوڑی دیر بعد کچھ نہ کچھ کھانے کا دل چاہتا ہے ،جس کے باعث تیزابیت ااور بد ہضمی کی شکایت ہوجاتی ہے ۔ اگر ہم پانی زیادہ پئیں گے تو معدے کو کھانا ہضم کرنے میں آسانی ہو گی ۔ زیادہ پانی پینے سے وزن بھی کم ہوتا ہے کیونکہ اس سے کھانا سہی طرح سے ہضم ہو جاتا ہے ۔ لہذا اگر ان سردیوں آپ اپنا پانی کا استعمال بڑھادیں تو آپ کا وزن نہیں بڑھے گا۔ البتہ پانی زیادہ ٹھنڈا نہ پئیں۔
جسم کو توانائی پہنچانے کے لیے
کیا آپ جانتے ہیں کہ صبح کے وقت محسوس ہونے والی سستی اور تھکاوٹ کی وجہ جسم میں پانی کی کمی ہوتی ہے ؟اگر آپ ان لوگوں میں سے ہیں جنھیں صبح اٹھتے ہی کافی کا کپ چاہیے ہوتا ہے اس کا مطلب آپ میں بھی پانی کی کمی ہے ۔ پانی غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے ۔ اس سے جسم کو بھرپور توانائی اور طاقت ملتی ہے ۔ بغیر پانی کے ہمارے جسم کے اعضا سست ہوجاتے ہیں اور ٹھیک طرح سے کام نہیں کرتے ۔جس کے باعث ہمیں کئی اقسام کی جسمانی تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور طبیعت بوجھل محسوس ہونے لگتی ہے ۔ سردیوں کے موسم میں جب ہم ویسے بھی خود کو سست محسوس کر رہے ہوتے ہیں۔ ایسے میں پانی کا کم استعمال جسم کو مزید سست کردیتا ہے۔
پانی خون صاف کرتا ہے
پانی کے استعمال سے جسم سے تمام فضلہ آسانی سے باہر نکل جاتا ہے اور خون کی نالیاں بھی صاف ہوجاتی ہیں۔ پانی ایک طرح سے جسم کے ہر حصے کی اندرونی صفائی کردیتا ہے جس سے ہمارا جسم صحت مند اور توانا رہتا ہے ۔ اس طاقت کی سردیوں میں بے حد ضرورت ہوتی ہے تاکہ ہم ٹھنڈ کا مقابلہ کرسکیں ۔
Comments
Post a Comment