- Get link
- X
- Other Apps
امرود (Guava)سردیوں کا پھل ہے، جو اپنی خوشبو اور ذائقے کے باعث لوگوں میں بہت پسند کیا جاتا ہے۔ اس کا بیرونی حصہ جتنا نرم اور ذائقہ دار ہوتا ہے، اس کے مرکز میں اتنے ہی سخت دانے بھی پائے جاتے ہیں، جو کہ امرود کا بیج ہوتے ہیں۔ امرود کو سینٹرل امریکا کی پیداوار مانا جاتا ہے، جہاں کے لوگ اسے Sand Plumبھی کہہ کر پکارتے ہیں۔
خوشبو اور ذائقے کے علاوہ، اس میں چھپے کئی صحت بخش فوائد کے باعث اسے ’سپرفوڈ‘ بھی کہا جاتا ہے کیونکہ یہ درحقیقت غذائیت کا ’پاور ہاؤس‘ ہے۔ ماہرین غذائیت کے مطابق امرود میں وٹامن C، لائیکوپین (Lycopene) اور اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں۔ یہ تینوں اجزا جِلد کی صحت کے لیے بہترین مانے جاتے ہیں۔ لوگ غالباً وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹس کی خصوصیات کے بارے میں تو جانتے ہیں لیکن لائیکوپین سے متعلق انھوں نے بہت کم سنا ہوگا۔ ایسے تمام قارئین کے لیے ہم بتاتے چلیں کہ لائیکوپین مختلف سبزیوں اور پھلوں میں پایا جانے والا جزو ہے، جو غذائیت کے ساتھ ساتھ اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات بھی رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ انسانی ہڈیوں کو بھی مضبوط کرتا ہے۔ امرود میں میگنیز بھی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے، جس کی خصوصیت یہ ہے کہ ہم جو دیگر غذائیں کھاتے ہیں، یہ اس میں سے ضروری غذائی اجزا کو ہمارے جسم میں منتقل کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ امرود میں ایک Folateنامی جزو بھی پایا جاتا ہے، جو انسانوں میں زرخیزی کو بڑھاتا ہے۔ امرود میں پایا جانے والا پوٹاشیم بلڈ پریشر کی سطح کو نارمل رکھنے میں اپنا کردار ادا کرتا ہے (ایک کیلا اور ایک امرودتقریباً مساوی مقدار میں پوٹاشیم رکھتے ہیں)۔
امرود میں غذائیت
امریکی محکمہ خوراک کے مطابق 100گرام کے ایک امرود میں 68 کیلوریاں اور 8.92شوگر موجود ہوتی ہے۔ امرود میں کیلشیم بھی بھرپور مقدار میں موجود ہوتا ہے اور 100گرام میں 18گرام معدنیات ہوتی ہیں۔100گرام امرود میں 22گرام میگنیشیم کے ساتھ ساتھ فاسفورس اور پوٹاشیم بھی اچھی خاصی مقدار میں پایا جاتا ہے۔
امرود کے فوائد قوتِ مدافعت بڑھائے
کیا آپ جانتے ہیں کہ امرود، وٹامن سی کے حصول کا ایک اہم ذریعہ ہے؟ جی یہ سچ ہے۔ ایک امرود میں ایک نارنگی (Orange)کے مقابلے میں چار گنا زیادہ کیلشیم موجود ہوتا ہے۔ وٹامن سی کی جسم میں موجودگی اس کے مدافعتی نظام کو بہتر بناتی ہے اور عام انفیکشنز کے ساتھ ساتھ ایسی چیزوں سے بھی محفوظ رکھتی ہے، جو بیماری کی نشوونما کی وجہ بنتی ہیں۔ صرف یہی نہیں، وٹامن سی آپ کی آنکھوں کو بھی صحت مند رکھتا ہے۔
کھانسی اور سردی سے بچاؤ
قدرت نے موسم کی مناسبت سے پھل پیدا کیے ہیں، ایسے میں بھلا یہ کیسے ممکن ہے کہ سردیوں کے پھل امرود میں سردی کی عمومی بیماریوں (کھانسی اور سردی لگنے) کے خلاف قوتِ مدافعت کی خصوصیت نہ ہو۔ پھلوں میں سب سے زیادہ وٹامن سی اور آئرن امرود میں پایا جاتا ہے اور یہ دونوں انسانی جسم کو سردی اور وائرل انفیکشن سے محفوظ رکھتے ہیں۔ کچے امرود کا جوس یا اس کے پتوں کا جوس کھانسی اور سردی میں انتہائی مفید رہتا ہے کیونکہ یہ بلغم سے چھٹکارا دلاتا ہے اور سانس کی نالی، گلے اور پھیپھڑوں میں انفیکشن کو ختم کرتا ہے۔
کینسر کے خلاف جنگ
وٹامن سی، لائیکو پین، کیورسیٹن اور دیگر پولی فینولز (ایسڈ کی ایک قسم) امرود میں موجود ہوتے ہیں، جو بہترین اینٹی آکسیڈنٹس ہیں۔ یہ اینٹی آکسیڈنٹس جسم میں پیدا ہونے والے نقصان دہ ’فری ریڈیکلز‘ کوبے اثر کرتے ہیں، جس سے کینسر ہونے کا خطرہ نہیں ہوتا۔ امرود پروسٹیٹ کینسر اور بریسٹ کینسر کو روکنےمیں بھی مؤثر مانا جاتا ہے۔
اینٹی ایجنگ خصوصیات
امرود میں وٹامن A، وٹامن C، کیروٹین اور لائکوپین جیسے اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں، جو انسانی جِلد کو مُرجھائے جانے سے محفوظ رکھتے ہیں۔ جس طرح ایک سیب روزانہ آپ کو ڈاکٹر سے دور رکھتا ہے، اسی طرح ایک امرود بھی روزانہ آپ کی جِلد کو مُرجھانے یا جُھریاں پڑنے سے تحفظ دیتا ہے۔
جِلد نِکھارے
امرود جِلد کو صرف جھریوں سے ہی محفوظ نہیں رکھتا بلکہ یہ آپ کی جِلد کو چمک اور تازگی بھی بخشتا ہے۔ اس کے لیے آپ گھر پر اپنا اسکرب بھی تیار کرسکتے ہیں۔ آپ کو صرف اتنا کرنا ہے کہ امرود کے ساتھ انڈے کی زردی کو پھینٹ کر چہرے پر لگائیں اور 20منٹ بعد نیم گرم پانی سے دھولیں۔ ہفتے میں کم از کم ایک بار یا پھر دو بار یہ اسکرب استعمال کرنے سے آپ کی جِلد کے مردہ خلیات ختم ہوجائیں گے اور آپ کا چہرہ کھِل اُٹھے گا۔ اس کے علاوہ امرود میں وٹامن Kبھی پایا جاتا ہے، جو جِلد کا رنگ پھیکا پڑنے، گہرے نشانات پڑنے، جِلدکے لال ہونے اور دانوں کی جلن کے خلاف مزاحمت پیدا کرتا ہے۔
امرود ان خصوصیات کے علاوہ حاملہ خواتین اور قبض کی شکایت رکھنے والے افراد کے لیے بھی مفید ثابت ہوتا ہے جبکہ نظر کی کمزوری، دانت کے درد، ذہنی تناؤ ، دماغی طاقت اور وزن کم کرنےمیں بھی اس کے فوائد ثابت شدہ ہیں۔
Comments
Post a Comment