ذیابیطس میں ہڈیوں کے کمزور ہوجانے کی بیماری

شوگر میں ہڈیوں کا بھربھرا ہوجانا













Diabetes
ذیابیطس میں ہڈیوں کے کمزور ہوجانے کی بیماری عام ہے۔ ذیابیطس کی طرح ہڈیوں کے آہستہ آہستہ کمزور ہوجانے کے بارے میں اس وقت تک معلوم نہیں ہوتا جب تک کہ اس کا ٹیسٹ نہ کیا جائے۔ ہڈیوں کے کمزور ہونے کی بیماری میں مریض کو کوئی بھی شکایت نہیں ہوتی جب تک کہ کوئی فریکچر نہ ہوجائے۔ 
جیسا کہ آ پ سمجھ سکتے ہیں فریکچر ہونا ایک نہایت تکلیف دہ اور لمبی چوڑی بیماری ہے جس کا علاج کافی عرصے تک کرنا پڑتا ہے۔ یہ دیکھا گیا ہے کہ ران کی ہڈی ٹوٹ جانے کے بعد مریضوں کو بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ پچاس سال سے زیادہ عمر کے تقریبا” چوبیس فیصد مریض کولہے کی ہڈی ٹوٹنے کے ایک سال کے اندر چل بستے ہیں۔ 








اوسٹیوپوروسس کی بیماری مردوں اور خواتین سب کو ہوسکتی ہے۔ کئی مریضوں کو اس کے بعد چلنے پھرنے کے لئیے سہارے کی ضرورت پڑتی ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے اندازے کے مطابق دنیا میں ہڈیوں کے بھربھرے ہوجانے کی بیماری میں لوگوں کی طبعی عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ اضافہ ہونے کی توقع ہے۔ چونکہ ذیابیطس کی دونوں اقسام میں یہ بیماری بڑھ جاتی ہے، آپ اندازہ کرسکتے ہیں کہ ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ہڈیوں کی بیماری بھی بڑھنے کا امکان ہے۔
اوسٹیوپوروسس یا ہڈیوں کے بھربھرے ہونے کی بیماری میں ہڈیاں کمزور پڑجاتی ہیں اور باآسانی ٹوٹ سکتی ہیں ۔
ہڈیوں کی بیماری اور فریکچر کا خطرہ ان لوگوں میں زیادہ ہوتا ہے جن کو پہلے بھی فریکچر ہوچکا ہو، ان کو کوئی ایسی اور بیماریاں ہوں جن میں ہڈیوں پر اثر پڑے۔  

  اوسٹیوپوروسس کے خطرے میں یہ افراد شامل ہیں۔





  1. سگریٹ نوشی کرنے والے افراد
  2. وزن کم ہونا
  3. ایسٹروجن یا اینڈروجن ھارمون کی کمی
  4. کیلشیم کی کمی
  5. کم متحرک رہنا
  6. گرنے کے خطرے میں لوگ مثلا” جوڑوں کی بیماری میں
  7. کچھ بیماریاں جیسے کہ ذیابیطس، جگر یا گردوں کی بیماری
  8. ضعیف عمر
  9. ایسے مریض جن کو پہلے بھی فریکچر ہوچکا ہو۔
  10. ایسے مریض جن کی فیملی میں اوسٹیوپوروسس کی بیماری ہو۔
  11. ایسے ضعیف افراد جن کی یاداشت متاثر ہوچکی ہو۔

ہڈیاں جسم کی ساخت مہیا کرتی ہیں۔ یہ ہمارا وزن برداشت کرتی ہیں اور ہمیں ایک جگہ سے دوسری جگہ تک پہنچنے میں مدد کرتی ہیں۔پچاسی فیصد ہڈیوں کی کثافت اور بنیادی ساخت 18 سے 20 سال تک کی عمر تک بن جاتے ہیں۔ اس لئیے بچوں کی غذا میں دودھ اور اس سے بنی اشیاء کا شامل ہونا بہت ضروری ہے۔ ہڈیاں ایک ساکت چیز نہیں۔ ان کے اندر مستقل ہڈیوں کے نئے خلئیے بن رہے ہوتے ہیں اور پہلے سے موجود ہڈیوں کی مرمت اور دیکھ بھال ہورہی ہوتی ہے۔ یہ نظام ہڈیوں کی صحت اور مضبوطی قائم رکھنے کے لئیے نہایت اہم ہے۔








 اگر اس نظام میں کسی بھی قسم کی گڑبڑ ہوتو یہ ہڈیاں بھربھری ہوتی چلی جاتی ہیں۔ ہڈیوں کی اچھی صحت کے لئیے جسم میں کیلشیم اور وٹامن ڈی کا مناسب مقدار میں ہونا نہایت اہم ہے۔ کیلشیم اور فاسفورس ہڈیوں کے نہایت اہم جز ہیں۔ کیلشیم دودھ اور اس سے بنی اشیاء اور اورنج جوس وغیرہ میں موجود ہوتا ہے۔ اگر وٹامن ڈی کی کمی ہو تو آنتیں غذا میں موجود کیلشیم کو اچھی طرح سے خون میں جذب نہیں کرسکتیں۔ وٹامن ڈی سورج کی شعاعوں کی مدد سے انسانی جلد میں بنتا ہے۔ آجکل بازار میں ملنے والے دودھ اور پنیر وغیرہ میں وٹامن ڈی شامل کیا جاتا ہے۔ خواتین کوان غزاوں یا وٹامن ڈی کی گولیاں کھا کر اس کمی کو پورا کرنے کی بھرپور کوشش کرنی چاہئیے کیونکہ وٹامن ڈی کی کمی سے ہڈیوں کے کمزور ہوجانے کے علاوہ بھی اور کئی نقصانات پہنچتے ہیں۔

ٹائپ ون ذیابیطس کے مریضوں میں ہڈیوں کے بھربھرا ہوجانے کے بارے میں کئی ریسرچ سے یہ بات سامنے آئی کہ جن افراد کو کئی سالوں سے یہ ذیابیطس تھی ان کی ہڈیوں کی مضبوطی کم تھی اور فریکچر بھی زیادہ ہوئے۔ جن لوگوں کو ذیابیطس کی وجہ سے اعصابی نظام اور نظر کے کمزور ہوجانے کی وجہ سے چلنے پھرنے میں مشکل پیش آتی تھی یا ان کے پیروں میں بے حسی پیدا ہوگئی تھی ان میں ہڈیوں کی بیماری کا خطرہ اور بھی زیادہ تھا 

ٹائپ ٹو ذیابیطس کے مریضوں میں ڈیکسا سے ناپی جاسکنے والی کثافت کی کمی موجود نہ بھی ہو تو بھی ان مریضوں میں فریکچر ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ یہ اس لئیے ہوتا ہے کیونکہ ذیابیطس میں خون میں شوگر کے زیادہ ہونے اور انفلامیشن کے زیادہ ہونے سے خلئیے کے لیول پر ایک غیر صحت مند ماحول پیدا ہوجاتا ہے جس سے ہڈیوں کی کوالٹی متاثر ہوتی ہے ۔
ہڈیوں کے بھربھرا ہونے کی تشخیص  
(Diagnosis of Osteoporosis)





اوسٹیوپوروسس ایک خاموش بیماری ہے۔ اس لئیے یہ نہایت اہم ہے کہ جو لوگ اس بیماری کے خطرے میں ہوں ان کو پہلے سے پہچان کر ان کا مناسب علاج کیاجائے تاکہ یہ ہڈیاں ٹوٹنے سے بچ سکیں۔ فریکچر ہونا ایک نہایت تکلیف دہ بیماری ہے جس سے موت کا خطرہ تک بڑھ جاتا ہے۔ ہڈیوں کے بھربھرے ہوجانے کو ابتدائی سطح پر ڈیکسا اسکین سے تشخیص کیا جاتا ہے.









Comments