ذیابیطس اور سفر




 جب آپ کہیں گھومنے پھرنے جا رہے ہوں تو ذیابیطس بھی آپ کے ساتھ ہی جائے گی اس لئیے اس کے لئیے پہلے سے تیاری کر کے رکھنا ضروری ہے۔ چھٹیاں  بھی ہوں تو ذیابیطس سے چھٹی نہیں ہوتی ۔ اگر آپ کا کہیں دور سفر کرنے کا ارادہ ہے تو مندرجہ ذیل ہدایات توجہ سے پڑھئیے ۔ ان سے آپ کو ذیابیطس  کے علاج میں سفر کے دوران مدد ملے گی۔

سب سے اہم بات یہ کہ آپ جہاں بھی جا رہے ہوں اس علاقے میں موجود عام بیماریوں کے خلاف ویکسین لگوا کر جائیں یا احتیاطی دوا کھا کر جائیں۔



سفر پر جانے سے پہلے ڈاکٹر سے چیک اپ ضرور کروا لیں تاکہ اس بات پر دھیان دیا جاسکے کہ  آپ کی بلڈ شوگر، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول وغیرہ سب کنٹرول میں ہیں۔ 
اپنے ڈاکٹر کا آخری آفس نوٹ ساتھ میں لے جائیں جس میں آپ کی بیماریاں ، الرجی اور دوائیاں وغیرہ تفصیل سے درج ہوں۔ ساتھ میں دوا  کا نسخہ بھی لے جائیں تاکہ ضرورت پڑنے پر فارمیسی سے دوالی جا سکے۔
 فارمیسی سے ایک بریسلیٹ یا نیکلس بنوا ئیں جس پر لکھا ہو کہ آپ کو ذیابیطس ہے۔ اگر کوئی مریض بے ہوش پایا جائے تو ان بریسلیٹ یا نیکلس پر لکھی ہوئی بیماری کے بارے میں پڑھ کر ایمرجنسی  میں کام کرنے والے صحت کے ادارے کے کارکن ان مریضوں کی مناسب دیکھ بھال اور مدد کرسکتے ہیں۔
اگر آپ انٹرنیشنل سفر کررہے ہیں تو وقت کی تبدیلی کے لحاظ سے اپنی دوا کا  خیال رکھیں۔ اگر کوئی دوا دن میں ایک بار لی جاتی ہے تو دن اور رات کی تبدیلی کے ساتھ  اس  کا 24 گھنٹے میں ایک مرتبہ استعمال جاری رکھیں۔  جہاز میں کھانا ملنے کا وقت مختلف ہوسکتا ہے اس لئیے اپنے ساتھ رکھے جانے والے بیگ میں تھوڑا اضافی کھانا رکھیں۔ سیریل بار  آسانی سے ہینڈ بیگ میں رکھی جاسکتی ہیں۔




  ذیابیطس کے مریضوں کو خون میں شوگر کی کمی کے لئیے تیار رہنا چاہئیے اور اس کا فوری طور پر 15 گرام کارب کے اصول سے علا ج کرنا چاہئیے۔
  15گرام کارب کی چند مثالیں مندرجہ ذیل ہیں۔
4 اونس اورنج جوس, 
4 اونس ریگولر پیپسی یا کوک 
4 گلوکوز کی گولیاں ۔
1 5 کارب سے علاج کرنے کے 15 منٹ کے بعد دوبارہ بلڈ شوگر چیک کریں۔


 سفر پر جانے سے پہلے  دوا کی دگنی مقدار  پیک کریں۔
 انسولین کو ٹھنڈا رکھنا ضروری ہے ۔ ایک چھوٹے لنچ بیگ میں کولڈ پیک کے ساتھ انسولین کی شیشیاں اور پین  رکھیں۔
 ہوسکتا ہے کہ سوئیاں وغیرہ لے جانے پر ہوائی جہاز کا عملہ اعتراض کرے اس لئیے ڈاکٹر کا نوٹ  ساتھ میں رکھیں تاکہ ثبوت کے طور پر پیش کیا جاسکے۔  
 گلوکوز کی گولیاں  بھی  ساتھ میں پیک کریں۔ 
 یہ سب چیزیں ایسے بیگ میں رکھیں جو آپ کے ساتھ رہے کہیں ایسا نہ ہو کہ سامان کے ساتھ گم ہوجائے۔
جہاز کے عملے اور آپ کے برابر میں جو مسافر بیٹھے ہوں ان کو یہ بتا دیں کہ آپ کو ذیابیطس ہے تاکہ وہ ایمرجنسی کی صورت میں آپ کی مدد کرسکیں۔
آپ چھٹیاں منانے جہاں بھی گئے ہوں وہاں چلتے پھرتے رہیں۔ اگر ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے ہیں تو ان کے جم میں ورزش کریں اور اگر باہر جارہے ہیں تو قریبی جگہوں پر ٹیکسی کرکے جانے کے بجائے پیدل ہی چلے جائیں۔
شکریہ
 لبنیٰ مرزا- ایم ڈی ذیابیطس اسپیشلسٹ






Comments