غذا میں چکناہٹ کا استعمال بھی لازمی ہے

طبی ماہرین کے مطابق وزن کم کرنے کی غرض سے چکناہٹ کا استعمال بالکل

 چھوڑ دینا صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے، صحت مند رہنے کے لیے ہر غذا کا استعمال لازمی کرنا چاہیے، غذا کا اعتدال میں رہ کر استعمال کرنے سے بھی مطلوبہ فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں ۔

ماہرین غذائیت کے مطابق غذا کا استعمال ہم طاقت حا صل کرنے کے لیے کرتے ہیں، انسانی صحت میں چکناہٹ اور کاربوہائیڈریٹس کا بھی بڑا کردار ہے، ماہرین غذائیت کے مطابق غذا میں چکناہٹ کا استعمال بھی لازمی ہے ، چکناہٹ کا مطلب صرف گھی اور مکھن ہی نہیں بلکہ دوسری غذاؤں میں بھی چکناہٹ پائی جاتی ہے جیسے کہ  دودھ ، خشک میوہ جات اور مچھلی وغیرہ۔

غذا میں مثبت چکناہٹ کا چناؤ لازمی کرنا چاہیے، ماہرین کی جانب سے تیل اور گھی سے پاک غذاؤں کا استعمال تجویز کیا جاتا ہے مگر اس کا یہ مطلب نہیں کے اپنی غذا سے ہر قسم کی چکناہٹ نکال دی جائے، قدرتی چکناہٹ والی غذاؤں کا استعمال کیا جا سکتا ہے جو کہ صحت کے لیے مثبت ثابت ہوتا ہے ۔

اپنی غذا سے مکمل طور پر چکناہٹ نکال دینے سے کن نقصانات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ؟

وٹامنز کی کمی

انسانی جسم میں کچھ وٹامنز چکناہٹ کی موجودگی میں ہی ہضم اور فوائد پہنچاتے ہیں، وٹامن ڈی ، اے ، ای اور کے چکناہٹ کی غیر موجودگی میں نہ ہضم ہوتے ہیں اور نہ ہی ان سے فوائد حاصل ہوتے ہیں ۔

وٹامن ڈی ، ای ، اے اور کے جسم میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں ، جب غذا سے چکناہٹ کا مکمل طور پر خاتمہ کر دیا جائے تو ان وٹامنز کا استعمال ضائع ہو جاتا ہے ۔

ماہرین کے مطابق ان وٹامنز کی افادیت کو دیکھتے ہوئے بہت ساری کھانا پکانے والی تیل کی کمپنیز کی جانب سے بھی یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ اُن کے تیل میں یہ سب وٹامنز بھی پائے جاتے ہیں، ا گر تیل سے گریز کرنا چاہتے ہیں تو انسانی صحت میں بنیادی کردار ادا کرنے والے یہ وٹامنز کی کمی خشک میوہ جات کے استعمال سے دور کی جا سکتی ہے ۔


توجہ اور یادداشت سے متعلق مسائل

چکناہٹ یادداشت مضبوط کرنے اور حاضر دماغ بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، جیسے اکثر یادداشت تیز کرنے کے لیے مچھلی کے استعمال کا کہا جاتا ہے کیوں کہ مچھلی میں اومیگا تھری وافر مقدار میں پایا جاتا ہے ۔ 


کولیسٹرول لیول کا غیر متوازن ہونا

تیل یا چکناہٹ کا غذا سے نکال دینے سےتصور کیا جاتا ہے کہ کولیسٹرول لیول کو متوازن سطح پر آ جائے گا جبکہ ایسا نہیں ہے، چکناہٹ کو اپنی غذا سے نکال دینے سے بھی کولیسٹرول کی سطح غیر متوازن ہو جاتی ہے ۔

ہارورڈ اسکول آف پبلک کی جانب سے شائع کی جانے والی ایک ہیلتھ رپورٹ کے مطابق اگر غذا میں سے چکناہٹ بالکل نکال دی جائے تو صحت کے لیے یہ نہایت خطرنا ک ثابت ہوتا ہے اور کولیسٹرول لیول غیر متوازن سطح پر پہنچ جاتا ہے جسے دوائیوں سے نارمل کرنا مشکل ہوتا ہے۔ 


تھکاوٹ محسوس کرنا

ماہرین غزائیت کے مطابق چکناہٹ سے طاقت ملتی ہے، وزن میں کمی لانے کے لیے چکناہٹ سے پاک غذاؤں کا استعمال آپ کو اسمارٹ بنانے کے بجائے کمزور کر سکتا ہے، مثبت اور قدرتی چکناہٹ والی غذاؤں کا استعمال جاری رکھنا چاہیے ۔


اگر ایکنی اور زیادہ وزن کی وجہ سے پریشان ہیں اور ان شکایات سے جان چھڑانا چاہتے ہیں

 تو قدرتی غزاؤں کا استعمال جاری رکھیں، 

روزانہ دودھ کا گلاس پئیں،

 ڈارک چاکلیٹ کھائیں،

 انڈے ، مچھلی ، ایواکاڈو پھل اور خشک میوہ جات کا استعمال جاری رکھیں ۔

Comments